حکومت نے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کےلیے پالیسی گائیڈ لائنز منظورکرلیں

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2023
اوگرا پالیسی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنائے، پٹرولیم ڈویژن (فوٹو: فائل )

اوگرا پالیسی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنائے، پٹرولیم ڈویژن (فوٹو: فائل )

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کےلیے پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی، اوگرا سے اجازت نامے کے بعد نجی سیکٹر کو ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ لگانے کی آزادی ہوگی۔

وفاقی حکومت نے  نجی شعبے کے لیے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کےلیے پالیسی گائیڈ لائنز منظور کرلیں، جس کے بعد نجی سیکٹر ایئر مکس پلانٹ ایل پی جی 2016 پالیسی کے مطابق نہیں لگا سکے گا، اوگرا سے اجازت نامے کے بعد نجی سیکٹر کو ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ لگانے کی آزادی ہوگی۔

پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق نجی سیکٹر کے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس کےلیے قیمتوں کا طریقہ کار ڈی ریگولیٹڈ ہوگا، ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس اسٹوریج،فلنگ اور ڈسٹریبیوشن کو ایل پی جی امپورٹ کی اجازت ہوگی۔

ایل پی جی درآمد ٹریڈ پالیسی سمیت وفاقی حکومت کے نافذ قوانین کے تحت ہو سکے گی اور اوگرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ لائسنس دہندگان ایل پی جی سلنڈروں کی مارکیٹنگ میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔

پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ لائسنس ہولڈر صارفین کو دیگر متبادل ذرائع پر منتقل نہیں کرے گا جیسے قدرتی گیس،ایل پی جی سلنڈرز وغیرہ۔

ایل پی جی ایئر مکس کے ماہانہ ٹیرف ہر ماہ کی دس تاریخ تک نوٹیفائی کرے گا اور اوگرا کو رپورٹ کرے گا، اوگرا ایل پی جی سیکٹر ریگولیٹر کے طور پر ایل پی جی ڈسٹری بیوشن اور میٹرنگ کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لے گا۔

دریں اثنا پٹرولیم ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ اوگرا وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔