جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلے 4 جون سے ہوں گے

صفدر رضوی  منگل 30 مئ 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

  کراچی: جامعہ کراچی کے بورڈ برائے اعلی تعلیم و تحقیق نے ایم فل/ پی ایچ ڈی سال 2023 کے داخلوں کی منظوری دے دی ہے، داخلے ممکنہ طور پر اتوار 4 جون سے شروع ہوں گے۔ 

جامعہ کراچی میں بورڈ برائے اعلی تعلیم و تحقیق کا اجلاس منگل کی سہ پہر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی صدارت میں ہوا جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سال 2023 کے داخلوں کی منظوری  دے دی گئی اور امکان ہے کہ  4  جون سے  داخلے شروع ہوجائیں گے اور خواہش مند طلبا سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔

یہ داخلے پہلے سے رائج ایچ ای سی کی داخلہ پالیسی پر دیے جائیں گے کیونکہ ایچ ای سی کی جانب سے کمیشن کے تحت منظور کردہ داخلہ پالیسی نوٹیفائیڈ نہیں کی گئی ہے۔

ایم فل/پی ایچ ڈی داخلوں کے سلسلے میں “ایکسپریس” سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر انیلا امبر ملک کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر داخلہ ٹیسٹ عید الاضحی کے بعد جولائی میں ہوگا،  ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے امیدواروں کو 50 فیصد مارکس حاصل کرنے ضروری ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ داخلوں کے مرحلے کے بعد کلاسیں جولائی کے آخری عشرے میں شروع کردی جائیں گی۔  ڈاکٹر انیلا کے مطابق فیکلٹی آف لاء سمیت ہر اس شعبے میں ایم فل/ پی ایچ ڈی کے داخلے نہیں دیے جائیں گے جہاں مطلوبہ معیار کے مطابق تین پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبر نہیں ہیں۔

بورڈ برائے اعلی تعلیم و تحقیق کے اجلاس میں چیئرپرسن شعبہ نفسیات ڈاکٹر انیلا امبر ملک کو ایم فل/پی ایچ ڈی پروگرام کا کنوینر مقرر کیا گیا،  علاوہ ازیں اجلاس میں پی ایچ ڈی کے ایک مرحوم امیدوار کو کیمسٹری میں بعد از مرگ پی ایچ ڈی ایوارڈ کرنے کی بھی سفارش کی گئی اور اس معاملے کو منظوری کے لیے سینڈیکیٹ کو بھجوادیا گیا ۔

واضح رہے کہ طالب علم دوران پی ایچ ڈی انتقال کرگیا تھا تاہم اس کی پی ایچ ڈی کی رپورٹس مثبت آئیں لیکن زبانی امتحان ( viva ) نہ ہوسکنے کے سبب ڈگری ایوارڈ ہوسکتی ہے جس کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔