کھلاڑیوں کو سہولیات میسر آئیں تو قوم کو مایوس نہیں کرینگے، کوچ ہاکی ٹیم

زبیر نذیر خان  ہفتہ 3 جون 2023
پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور ہماری نگاہیں عالمی کپ پر مرکوز ہیں، اولمپیئن حنیف خان (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور ہماری نگاہیں عالمی کپ پر مرکوز ہیں، اولمپیئن حنیف خان (فوٹو: ٹوئٹر)

 کراچی: جونئیر ہاکی ایشیاکپ ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کوچ و منیجر اولمپیئن حنیف خان نے کہا ہے کہ ہماری نگاہیں عالمی کپ پر مرکوز ہیں، اگر وسائل اور سہولیات میسر آئیں تو کھلاڑی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

عمان کے شہر صلالہ میں منعقدہ جونیئر ایشیا کپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق قومی کپتان اولمپئن حنیف خان نے کہا کہ پاکستان کا سیمی فائنل تک رسائی کے بعد عالمی جونیئر کپ کیلئے کوالیفائی کرنا اہم کارنامہ ہے، اس سے ملک میں نہ صرف ہاکی کو دوام ملے گا بلکہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے راہیں بھی کھل جائیں گی۔

حنیف خان نے کہا کہ محدود وقت میں کم وسائل کے ساتھ ہمارے کھلاڑیوں نے قومی جذبے کے ساتھ اچھی طرح تیاری کی اور بھرپور کارکردگی دکھائی، پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، ٹورنامنٹ میں تمام کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر ٹاپ اسکور عبدالرحمن کی کارکردگی بہت عمدہ رہی۔

مزید پڑھیں: جونئیر ہاکی ایشیاکپ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست

ابتدائی مقابلوں میں شاندار فتوحات سے کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند ہوا جبکہ فائنل میں روایتی حریف بھارت سے مقابلے کے لیے ہمارے کھلاڑی بہت پرجوش اور پرعزم تھے، فائنل کے پہلے ہاف میں ہمارے کھلاڑی توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کرسکے تاہم دوسرے ہاف میں بہتر انداز میں کھیل دکھایا لیکن تجربے میں کمی کی وجہ سے ہمارے کھلاڑی گول کرنے کے مواقع حاصل نہ کرسکے۔

مزید پڑھیں: جونئیر ہاکی ایشیاکپ؛ فائنل کیلئے کوالیفائی کرنیوالی ٹیم ڈیلی الاؤنس سے محروم

دوسری جانب بھارتی ٹیم گزشتہ تین برسوں سے ہم آہنگ ہو کر کھیلنے میں مصروف تھی لیکن مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ہمارے کھلاڑیوں نے وسائل نہ ہونے کے باوجود عمدہ کھیل پیش کیا۔

مزید پڑھیں: جونئیر ہاکی ایشیاکپ؛ پاک بھارت ٹیمیں کب ٹکرائیں گی؟

حنیف خان نے کہا کہ اب ہماری تمام تر توجہ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں رواں سال 5 سے 16 دسمبر تک ہونے والے عالمی جونیئر کپ پر ہے، کوشش کریں گے کہ کھلاڑیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور دوران تربیت کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرکے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔