راولپنڈی سے 15 ماہ قبل اغوا بچی لاہور سے بازیاب، میاں بیوی گرفتار

ویب ڈیسک  پير 5 جون 2023
ایک تصویر بچی کی ہے اور دوسری تصویر میں میاں بیوی بچے کو لے جاتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

ایک تصویر بچی کی ہے اور دوسری تصویر میں میاں بیوی بچے کو لے جاتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

 اسلام آباد: راولپنڈی پولیس نے 15 ماہ قبل اغوا شدہ بچی کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو سے 15 ماہ قبل بچی کو اغوا کیا گیا تھا۔ راولپنڈی مغوی بچی تاجمینہ کو رتہ امرال پولیس نے لاہور سے بازیاب کروایا۔

بچی کی گمشدگی کے بعد اسے ڈھونڈے کی بہت کوششیں کی گئیں، اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پولیس نے اس کی بازیابی کے لیے اشتہار بھی جاری کرایا مگر کہیں سے اس کا پتا نہیں چلا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تاجمینہ کو اغواء کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچی کے اغوا کی سی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود تھیں، پولیس نے فوٹیج کی مدد سے اغواء کار میاں بیوی کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔

فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میاں بیوی باآسانی بچی کو اپنے بچوں کے ہمراہ لے گئے اور انہیں کسی قسم کی رکاوٹ یا پوچھ گچھ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کی نشاندہی پر بچی کو لاہور سے بازیاب کروایا گیا جس کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

girl missing islamabad

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اغواکار میاں بیوی بچوں سے بھیگ منگوانے کا کام کرتے ہیں، ملزمان کے قبضے سے دیگر تین بچے بھی برآمد ہوئے ہیں جن کی ولدیت کی تصدیق کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ بازیاب ہونے والی بچی کو والدین کے سپرد کردیا ہے جنہوں نے پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پولیس تفتیشی ٹیم کے لیے انعام کی سفارش بھی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔