اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 2 سالہ بچہ جاں بحق، باپ زخمی

ویب ڈیسک  منگل 6 جون 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ ہفتے مغربی کنارے کے شہر راماللہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو سالہ بچہ جاں بحق اور باپ زخمی ہوگئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق راماللہ کے قریب نبی صالح قصبے میں ایک فلسطینی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سالہ محمد ہیثم تمیمی اور اس کے والد شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔

ننھے بچے کو ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی امداد کے لیے اسرائیل کے اندر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔

وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ بچے کی لاش کو تدفین کے لیے اسرائیل سے راماللہ منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دو مسلح فلسطینوں نے مبینہ طور پر قریبی بستی پر فائرنگ کی جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔

تاہم بچے کے والد نے اسرائیلی بیانیے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا اور اسرائیلی فورسز نے براہ راست ہماری گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔