کراچی؛ ڈاکوؤں نے 5 ماہ میں 37 ہزار شہریوں کو لوٹا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 7 جون 2023
رواں سال سب سے زیادہ مئی میں 5ہزار210 موٹرسائیکلیں اسلحے کے زورپرچھینی اورچوری کی گئیں
(فوٹو فائل)

رواں سال سب سے زیادہ مئی میں 5ہزار210 موٹرسائیکلیں اسلحے کے زورپرچھینی اورچوری کی گئیں (فوٹو فائل)

 کراچی: شہرقائد میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران مجموعی طور پراسٹریٹ کرائم کی 37ہزار16 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

شہرقائد میں ہرگزرتے دن کیساتھ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ،شہرقائد میں مئی میں مجموعی طور پر اسٹریٹ کرائم کی7ہزار 843 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی ( سی پی ایل سی ) نے مئی میں پیش آنے والے جرائم کے اعداد و شمارجاری کردیے۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں شہرقائد کے شہریوں سے 5 ہزار210 موٹرسائیکلیں اسلحے کے زورپرچھینی اورچوری کی گئی رواں سال سب سے زیادہ موٹرسائیکلیں مئی کے مہینے میں ہی چھینی و چوری کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں 2ہزار472 شہریوں کوان کے قیمتی موبائل سے محروم کردیا گیا، مئی میں167 گاڑیاں چوری اور چھینی بھی گئیں ، مئی میں بھتہ خوری کے3 واقعات رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، لیبارٹری میں 2 کروڑ 90 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات

سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق مئی میں شہرمیں قتل وغارت گری کے واقعات میں69 افراد ہلاک ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ کے دوران شہرمیں اسٹریٹ کرائم کی 37ہزار16 وارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔

گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 24ہزار161 موٹر سائیکلیں ،919 گاڑیاں چوری و اسلحے کے زور پرچھینی گئیں،11 ہزار936 شہریوں کوان کے قیمتی موبائل سے محروم کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران اغوا برائے تاوان کی 2 ، بھتہ خوری کی8 واقعات اورایک بینک ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہوئی ہے، رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہر میں مجموعی طور پرقتل غارت گری کے واقعات میں 255 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔