جناح ہاؤس حملہ 9 ملزمان کی ضمانت کیخلاف پراسیکیوشن کا ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ
پراسیکیوشن کی جانب سے ضمانتیں خارج کروانے کی درخواست کی تیاری، عدالتی فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست دائر کردی جائے گی
جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت 9 ملزمان کی ضمانتیں منظور ہونے پر پراسیکیوشن نے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کارکنوں کی یہ ضمانت تین روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے دی تھی جس پر حکومت اب ہائی کورٹ میں اس فیصلے کو چیلنج کرے گی۔
یہ پڑھیں : جناح ہاؤس حملہ: صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی ضمانت، خدیجہ شاہ کی درخواست مسترد
ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ضمانتیں خارج کروانے کی درخواست کی تیاری پر مشاورت جاری ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست داٸر کر دی جاٸے گی۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے تین روز قبل پی ٹی آئی کارکنان صنم جاوید اور روبینہ جمیل سمیت نو ملزمان کی ضمانت منظور کی ہیں۔
دریں اثنا سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے چالان میں ایف آئی اے نے جلاؤ گھیراؤ، توڑپھوڑ کی وڈیوز کو اصلی قرار دے دیا۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کی سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل شواہد پر مشتمل رپورٹ جے آئی ٹی کو موصول ہوگئی۔
ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق سوشل میڈیا کے 400 سے زائد لنک، فوٹیجز کی صورت میں ایف آئی اے کو بھیجے، ٹی وی چینلز پر چلنے والی فوٹیجز کے حوالے سے پیمرا کی رپورٹ کا انتظار ہے، :پیمرا رپورٹ جلد موصول ہوجائے گی جس کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔