طلاق یافتہ بیٹی کو بینڈ باجے کیساتھ گھر واپس لانے والے باپ کے چرچے

طلاق لینے والی بیٹی کو بینڈ باجے کے ساتھ گھر واپس لانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی


ویب ڈیسک October 29, 2023
طلاق لینے والی بیٹی کو بینڈ باجے کے ساتھ گھر لانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، فوٹو: ویڈیو گریب

بھارت میں ایک غیر معمولی واقعے میں طلاق لینے والی بیٹی کو گھر واپس لانے کے لیے باپ بینڈ باجے کے ہمراہ پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کی ایک ویڈیو گزشتہ ہفتے کافی وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون سوٹ بیکس میں اپنا سامان لیے بینڈ باجے کے ہمراہ اپنے گھر پہنچی ہیں۔

ایسا منظر عمومی طور پر اس وقت دیکھنے کو ملتا ہے جب بیٹی کو رخصت کیا جاتا ہے لیکن اس ویڈیو میں معاملہ بالکل مختلف ہے۔ بینڈ باجے کے ساتھ گھر آنے والی خاتون شوہر کا گھر ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر والدین کے گھر لوٹی ہیں۔



بیٹی کے طلاق لینے کے فیصلے پر بینڈ باجے کے ہمراہ اسے سسرال سے واپس لانے کا فیصلہ لڑکی کے والد پریم گپتا نے کیا تھا اور انھوں نے اسے عملی جامہ بھی پہنایا اور ویڈیو بنوا کر وائرل بھی کی تاکہ دیگر والدین کا بھی حوصلہ بڑھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے طلاق لینے والی خاتون ساکشی گپتا نے بتایا کہ میں فیشن ڈیزائنر ہوں اور چند ناگزیر حالات کی وجہ سے مجھے طلاق لینا پڑی۔ اپنے اس فیصلے سے والدین کو آگاہ کیا تو انھوں حیران کن طور پر حوصلہ افزائی کی۔

لڑکی کے والد پریم گپتا نے بتایا کہ بیٹی کی شادی کافی دھوم دھام سے کی تھی اور کافی پیسا بھی خرچ ہوا تھا لیکن جب ہم نے دیکھا کہ شادی کو چلانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں اور ہماری بیٹی کا اس میں کوئی قصور تو نہیں تو ہم نے اپنی بیٹی کو سپورٹ کیا۔

ساکشی گپتا نے اپنے والد کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید بتایا کہ مجھے واپس لانے کے لیے بھی ابو نے خاص دن کا چناؤ۔ اُس دن میں اپنا سامان پیک کر رہی تھی کہ بینڈ باجوں کی آواز سنائی گئی۔

ساکشی گپتا نے بتایا کہ میں سمجھی کوئی جلوس ہوگا کیوں کہ آج خاص دن بھی ہے لیکن جب دیکھا تو میرے والد بینڈ باجے کے ساتھ مجھے لینے آئے ہیں۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور مجھے سے بہت سے لڑکیوں نے رابطہ کرکے اپنے مسئلے بتائے اور مشورے مانگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں