ماہی گیر نے جال میں پھنسی ہوئی ایک بڑی سپرم وہیل کو آزاد کر دیا
یہ پہلا موقع ہے جب کسی مچھیرے نے بڑی سپرم وہیل کو بحفاظت چھوڑ دیا ہو
بلوچستان کے علاقے اورماڑہ کے قریب ساحلی پانیوں میں مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والی ماہی گیر کشتی کے کیپٹن محمد شفیع اللہ نے ہفتے کے روز اپنے جال میں پھنسی ہوئی ایک بڑی سپرم وہیل کو بحفاظت آزاد کیا، یہ پہلا موقع ہے کہ ایک بڑی سپرم وہیل کسی مچھیرے کے جال میں پھنسی ہوئی پائی گئی اور بعد میں اسے بحفاظت چھوڑ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹن محمد شفیع اللہ نے جمعہ کی شام کو جال بچھایا اور ہفتہ کی صبح جب جال نکالا تو اس میں ایک بڑی وہیل مچھلی کو جال میں الجھا ہوا دیکھا، یہ ایک ذیلی سطح کا جال تھا جسے WWF-Pakistan نے متعارف کرایا تھا۔
یہ جال ڈولفن اور چھوٹی وہیل مچھلیوں کو بغیر الجھے ہوئے گزرنے کے لیے راستہ فراہم کرتا ہے لیکن سپرم وہیل کی لمبائی تقریباً 30 فٹ تھی جس کی وجہ سے وہ جال کو عبور نہ کرسکی۔
آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد، شفیع اللہ نے 500 میٹر جال کاٹ کر سپرم وہیل کو چھوڑا، رہائی کے بعد بھی، سی پرم وہیل تقریباً 15 منٹ تک کشتی کے گرد منڈلاتی رہی اور غوطہ لگاتی رہی۔
وہیل رہائی کے بعد کشتی کے پاس ٹھہری تھی تاکہ وہ اظہار تشکر کرسکے، غوطہ لگانے سے پہلے اپنے دونوں جبڑوں سے خوشی کا اظہار کیا۔
سی پرم وہیل جو سائنسی طور پر Physeter microcephalus کے نام سے جانی جاتی ہے، پاکستان میں چار بڑی وہیلوں میں سے ایک ہے۔ سپرم وہیل کو زمین کا سب سے بڑا شکاری سمجھا جاتا ہے۔
یہ گہرے سمندر سے 300 سے 500 میٹر کی گہرائی کے درمیان اسکویڈ کا شکار کرتی ہے، وہیل اور ڈالفن کے تحفظ کی ضرورت بنیادی طور پر ہے کیونکہ تقریباً تمام وہیل اور ڈالفن کو خطرے سے دوچار سمجھا جاتا ہے۔