ملک بھر میں پولیووائرس کے 14 نمونوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جنوری 2024
(فائل/فوٹو : انٹرنیٹ)

(فائل/فوٹو : انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں پولیو وائرس کے 14 ماحولیاتی نمونوں کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ سیوریج کے تین نمونوں میں وائرس موجود تھا اور یہ نمونے 4 سے 13 دسمبر کے درمیان پشاور سے حاصل کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حیدر آباد سے دو، کراچی شرقی سے دو اور ایک،ایک نمونہ کراچی وسطی، کیماڑی، کراچی غربی، سکھر، کوئٹہ، کوہاٹ اور اسلام آباد سے جمع کیے گئے تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس سے بچوں کو صرف مستقل ویکسین کے ذریعے ہی محفوظ رکھا جاسکتا ہے، انھوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ ہر ویکسینیشن مہم کے دوران بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔