پنکج ترپاٹھی کا نیا قدم پہلی بار ریڈیو شو میں بطور میزبان نظر آئیں گے

شو کے پہلے سیزن کی میزبانی ودیا بالن نے کی تھی جہاں وہ ممنوعہ موضوعات پر بات کرتی تھیں


ویب ڈیسک October 17, 2024
فوٹو : انسٹاگرام

بالی ووڈ کے مشہور اداکار پنکج ترپاٹھی، جو اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں، جیسے کہ مرزا پور، گینگز آف واسع پور، اور مسان، اب ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ وہ پہلی بار ریڈیو ہوسٹ کے طور پر بگ ایف ایم کے مشہور شو 'دھن بدل کے تو دیکھو' سیزن 3 کی میزبانی کریں گے۔

پنکج ترپاٹھی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "مجھے ریڈیو ہوسٹ بننے کا پہلا موقع ملا ہے اور میں اس پر بے حد خوش ہوں۔ یہ شو اہم موضوعات پر مختلف زاویوں سے بات کرے گا اور میں کہانی سنانے کی طاقت کو آڈیو فارمیٹ میں آزمانے کے لیے بے حد پرجوش ہوں۔"

انہوں نے مزید کہا، "ایک اداکار کے طور پر میں ہمیشہ اسکرین پلے کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں، لیکن ریڈیو نیٹ ورک پر میزبان کی حیثیت سے میں کہانی سنانے کے آڈیو فارمیٹ کو دریافت کرنے کے لیے تیار ہوں۔"

یاد رہے کہ اس شو کے پہلے سیزن کی میزبانی ودیا بالن نے کی تھی، جہاں وہ ممنوعہ موضوعات پر بات کرتی تھیں، جب کہ دوسرے سیزن میں سادھگرو شامل تھے، جس کا موضوع ذہنی صحت اور روحانیت تھا۔ شو کا تیسرا سیزن اکتوبر کے آخری ہفتے میں نشر ہوگا۔

پنکج تریپاٹھی اپنے فلمی کیریئر میں دو نیشنل فلم ایوارڈز اور آئیفا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ 'گینگز آف واسع پور' سے شہرت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کئی اہم فلموں میں شاندار کردار ادا کیے، جیسے 'فکرے'، 'مسان'، 'نیل بٹے سناٹا'، 'بریلی کی برفی'، 'استری'، اور 'گنجن سکسینہ: دی کارگل گرل'۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔