حماس اور حزب اللہ سے جھڑپوں میں میجر سمیت 2 اہلکار ہلاک اسرائیل کی تصدیق

دوبدو جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد غزہ میں 357 اور لبنان میں 43 ہوگئی


ویب ڈیسک October 20, 2024
دوبدو جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد غزہ میں 357 اور لبنان میں 43 ہوگئی

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حماس کے ساتھ جھڑپ میں غزہ کے شمالی علاقے میں 2 اہلکار مارے گئے جب کہ لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں زخمی ایک میجر بھی دم توڑ گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں مارے گئے اپنے دونوں اہلکاروں کی شناخت 20 سالہ اوفیر برکووچ اور 19 سالہ الیشائی ینگ کے ناموں سے کی ہے۔

یہ دونوں سارجنٹ اسٹاف کا حصہ تھے اور غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو جنگ کرنے والی بڑی فوج کے ایک بریگیڈ میں شامل تھے۔ دونوں ملٹری آپریشن کے دوران ہلاک ہوئے۔

اس طرح غزہ میں حماس کے ساتھ برّی جنگ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 357 ہوگئی۔ جن میں یرغمالیوں کو بچانے کے مشن کے ایک پولیس افسر اور وزارت دفاع کا ایک کنٹریکٹر بھی شامل ہے۔

اسرائیلی فوج کے ایک اور بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ ہفتے لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والے 38 سالہ میجر ایشائی نیتنیل گرین بام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

یاد رہے کہ ان کے ساتھ جھڑپ میں شریک سارجنٹ میجر (ر) رونی گنیزیٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ میجر ایشائی گرین بام کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

حزب اللہ سے سرحد پار جھڑپوں اور ستمبر کے آخر میں جنوبی لبنان میں شروع ہونے والی برّی جنگ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 43 ہوگئی۔

غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کے علاوہ عراق سے ڈرون حملے میں اسرائیل کے 2 فوجی مارے گئے اور شام سے بھی کئی حملے ہوئے ہیں تاہم ان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے