ادارہ 'علم دوست' کی جانب سے'معلوماتِ عامہ' کے ممتاز ماہرین کو ایوارڈ عطا کئے گئے ہیں۔
آرٹس کونسل کراچی میں 17 میں سے 15 ایوارڈز پاکستان کوئز سوسائٹی کے ماہرین نے اپنے نام کئے جن میں عقیل عباس جعفری بھی شامل ہیں۔
کراچی میں منعقدہ ایک رنگارنگ تقریب میں ادارہ علم دوست کی جانب سے تقریبِ اعزازات منعقد ہوئی جس میں جس میں معلوماتِ عامہ (جنرل نالج) کے ممتاز ماہرین سمیت دیگر اہلیان علم کو ایوارڈز دیئے گئے۔ جنرل نالج کےماہرین کو ان کے غیرمعمولی کردار کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے حسینہ معین ہال میں ہونے والی تقریب کی صدارت ڈاکٹر الطاف مکاتی نے کی ، جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر منصور الظفر اور تاجدار عادل مہمان اعزازی تھے۔
چوتھے علم دوست ایوارڈز میں پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کے 15 اراکین کو ایوارڈز دئیے گئے، جن میں بانی چئیرمین عاصم علی قادری اور ڈاکٹر عقیل عباس جعفری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر تیرہ ایوارڈز یافتہ ارکان میں سید جاوید رضا نقوی، طاہر حبیب، ڈاکٹر جمیلہ خانم، پروفیسر ابراہیم غوری، پروفیسر منور علی قریشی، سعید احمد سعید، سہیل احمد صدیقی، عارف مصطفیٰ، امان اللہ پنجوانی، اطہر رضااجنبی، محمد عارف سومرو اور واجد رضا اصفہانی کا نام شامل ہے۔
سوسائٹی کے سابق عہدے دار نفیس احمد خان کو بعداز مرگ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ادیب ،دانشورفیروز ناطق خسرو اور رضی الدین سید نے بھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ وصول کیا۔
ادارہ علم دوست کی آرگنائزنگ کمیٹی کے بانی صدر شبیر ابنِ عادل ناساز طبیعت کے باعث تقریب میں شرکت نہ کرسکے دیگر اراکین میں میر حسین علی امام،عطا محمد تبسم،اکبر علی، خالد پرویز صدیقی، شاہد محی الدین ، عطاالرحمان، سید عبدالباسط اور گل بانو بھی تقریب میں موجود تھے ، پروگرام میں میزبانی کے فرائض ڈاکٹر فرحانہ اویس نے انجام دیے۔