ملیالم سینما کے سپر اسٹار فہد فاصل بالی ووڈ میں اپنے ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔ مشہور ہدایتکار امتیاز علی نے اپنی اگلی فلم کے لیے فہد کو کاسٹ کیا ہے، جہاں وہ ٹرپتی ڈمری کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ پروجیکٹ کئی مہینوں سے زیر غور تھا، فہد فاصل بالی ووڈ میں امتیاز علی کی فلم کے ذریعے ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، اور وہ اس موقع کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ٹرپتی ڈمری کے ساتھ ان کی جوڑی فلم کو ایک منفرد اور تازگی بخش عنصر فراہم کرے گی۔
فلم کی اسکرپٹ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور پروڈکشن کا آغاز 2025 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔ یہ فلم ونڈو سیٹ فلمز کے بینر تلے بنائی جائے گی، جو امتیاز علی کی پروڈکشن کمپنی ہے۔
بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے، فہد فاصل اپنی زبردست اداکاری کے جوہر پشپا 2: دی رول میں دکھائیں گے، جہاں وہ الو ارجن کے ساتھ نظر آئیں گے۔ الو ارجن نے ایک تقریب میں فہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "فہد نے پشپا 2 میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، اور وہ پوری دنیا میں ملیالم کمیونٹی کو فخر کا احساس دلائیں گے۔"
ٹرپتی ڈمری امتیاز علی کے ساتھ اپنی دوسری فلم کرنے جا رہی ہیں۔ ان کی حالیہ فلم بھول بھلیاں 3 میں ان کے کردار کو بھی خوب سراہا گیا۔