کراچی؛ شیرخوار بچی کی ماں نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی، ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی

گھر میں مالی پریشانی تھی نہ کوئی جھگڑا، خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی


اسٹاف رپورٹر December 05, 2024
فوٹو فائل

کراچی:

شہر قائد میں شیرخوار بچی کی ماں نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔  خاتون کی ڈیڑھ سال قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق محمود آباد اعظم ٹاؤن کی رہائشی ایک بچی ماں نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی ۔ شوہر نعمان مسیح کے مطابق متوفیہ سے ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی  جب کہ  گھر میں کسی قسم کی پریشانی یا لڑائی جھگڑا بھی نہیں تھا ۔

محمود آباد کے علاقے اعظم ٹاؤن گلی نمبر 17 ڈی KMC  اسکول کے قریب گھر سے ایک خاتون کی گلے میں رسی کا پھندا لگی لاش ملی، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں خاتون کی شناخت 20 سالہ دینا زوجہ نعمان مسیح کے نام سے کی گئی ۔

متوفیہ کے شوہر نعمان مسیح نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس کی دینا سے تقریباً ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور ان کی ایک 3 ماہ کی بیٹی ہے۔ کچھ عرصہ قبل تک وہ گزشتہ 10 سال سے ایک اسکول میں ملازمت کرتا تھا تاہم اپنی نومولود بیٹی کی بیماری کے باعث 10 دن کی چھٹی پر اسے ملازمت سے فارغ کردیا گیا اور اس نے ایک دفتر میں ملازمت اختیار کرلی، گھر میں کسی قسم کی مالی پریشانی نہیں تھی۔

شوہر کے مطابق دینا مسیح 3 بھائیوں  اور 3 بہنوں میں دوسرے نمبر پر تھی ۔ اس کے والد اور والدہ نے میں علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد اس کے والد نے دوسری شادی کر لی تھی ۔ دینا کے والدین اسی علاقے میں گلی نمبر 3 میں رہائش پذیر ہیں۔ 

نعمان مسیح نے بتایا کہ دینا کے والد اور ان کے بچے اکثر دینا سے ملنے آتے رہتے ہیں جب کہ اس کے والد اور دوسری والدہ بھی اپنی نواسی سے ملنے آتے تھے ۔ 4 روز قبل دینا کی والدہ اور ان کے بچے دینا سے ملنے آئے تھے۔ اور ہنسی خوشی واپس گئے۔

بدھ کی رات گئے گھر میں سب ٹھیک ٹھاک تھا اور کوئی تلخی بھی نہیں ہوئی نہ اس کا اپنی بیوی سے کوئی جھگڑا ہوا تھا۔ وہ گھر سے باہر اور دینا بالائی منزل پر اپنے کمرے میں چلی گئی ۔ تقریباً ڈیڑھ بجے شب جب وہ گھر آیا اور اپنے کمرے میں جانے کے لیے دروازے پر دستک دی، دروازہ اندر سے نہیں کھلا تو وہ سمجھا کر دینا سو گئی جس پر اس نے چابی سے دروازہ کھولنے کی کوشش کی تاہم دروازے کو اندر سے کنڈی لگی ہوئی تھی ۔

شور سن اس کے والد نیچے سے اوپر آگئے اور دینا کو کافی آوازیں دیں،  دروازہ نہ کھولے جانے پر انہوں نے دروازے پر زور لگایا جس سے اندر کی کنڈی ٹوٹ گئی اور دروازہ کھل گیا  تو دیکھا سامنے دینا کی لاش لٹکی ہوئی تھی، جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

نعمان مسیح کے مطابق اسے خودکشی کی وجہ سمجھ میں نہیں آرہی ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی  ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں