کراچی:
اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ نے اپنے سابقہ سیکریٹری امیرحسین قادری سے ان کے زیر استعمال بورڈ کی ملکیتی گاڑیوں کی واپسی کا تقاضا کردیا۔
واضح رہے کہ امیر حسین قادری کے پاس کچھ عرصے تک چیئرمین بورڈ کا بھی چارج رہا تاہم بغیر این او سی غیر ملکی دورے کے سبب کنٹرولنگ اتھارٹی نے پہلے ان سے چیئرمین کے عہدے کا اضافی چارج واپس لیا اور ازاں بعد انھیں سیکریٹری بورڈ کے عہدے سے ہٹاکر ان کے اپنے ڈپارٹمنٹ کالج ایجوکیشن رپورٹ کرادیا گیا۔
ادھر بورڈ حکام کی جانب سے ان کے زیراستعمال 3 مختلف گاڑیوں کی واپسی کا تقاضا کیا گیا ہے، بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شہیر وقار کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 30 جنوری کے ایک خط کی روشنی میں آپ کو بورڈ سے محکمہ کالج ایجوکیشن رپورٹ کرایا جاچکا ہے تاہم آپ کے زیر استعمال س2014، 2016 اور 2004 ماڈل کی تین گاڑیاں موجود ہیں لہزا ان گاڑیوں کو بورڈ کے ٹرانسپورٹ سیکشن کے حوالے کردیا جائے تاکہ بورڈ کے دفتری امور میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔