اسلام آباد:
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت دفاع، توانائی، سائنس، اطلاعات، فنانس سے متعلق 24 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوگئے جب کہ تجارتی حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر کی سطح پر لانے پر اتفاق ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے تجارت، دفاع، سائنس، اور دیگر شعبہ جات کے وفاقی وزرا و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان 24 معاہدوں مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یووز ) پر دستخط کردیے گئے۔ اس موقع پر باری باری ہر وزارت کے پاکستانی اور ترک وزیر کو اسٹیج پر بلایا گیا اور دونوں وزرا نے معاہدے اور ایم او یوز کی دستاویزات کے تبادلے کیے۔
مزید پڑھیں : دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترک صدر
یہ معاہدے دفاع، تجارت، توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اطلاعات، فنانس، مذہبی امور کی وزارتوں کے درمیان ہوئے۔
معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی تفصیل
ترکیہ پاکستان اعلیٰ سطح تزویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں معاہدوں اور ایم او یوز کی تفصیلات جاری کی گئیں۔
ایکسپورٹ کریڈٹ بینک آف ترکیہ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
سینٹرل بینک آف ترکیہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تکنیکی تعاون کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت ہوئی۔
سامان کی تجارت بڑھانے کے معاہدے کے حوالے سے دستاویز کا تبادلہ ہوا۔ صنعتی پراپرٹی میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ تجارت میں استعمال ہونے والے اوریجن سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ایم او یو سائن ہوا۔
مزید پڑھیں : قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے موقف کی حمایت کریں گے، وزیراعظم
سماجی اور ثقافتی مقاصد کے لیے ملٹری اور سول پرسنلز کے تبادلے کا ایم او یو سائن ہوا، ایئر فورس الیکٹرانک وارفیئر کے حوالے سے ایم او یو سائن ہوا، ملٹری ہیلتھ کے شعبے میں تربیت اور تعاون کا پروٹوکول طے ہوا۔
ترکیہ کے سیکریٹریٹ آف ڈیفنس انڈسٹریز اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان ایم او یو سائن ہوا۔ ترکیہ کی ایرواسپیس انڈسٹریز اور نیول ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ، پاکستان کے درمیان ایم او یو سائن ہوا، حلال تجارت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے اور لیگل میٹرولوجی انفرااسٹرکچر کے قیام کے حوالے سے ایم او یو سائن ہوا۔
زرعی بیجوں کی پیدوار کے حوالے سے تعاون کا معاہدہ ہوا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہائیڈروکاربنز کے شعبے میں تعاون کے معاہدے میں ترمیم ہوئی، انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں ایم او یو سائن ہوا۔
کان کنی کے شعبے میں، پانی کے شعبے میں، تعلقات عامہ اور ابلاغ کے شعبوں میں ایم او یو سائن ہوئے، میڈیا اور ابلاغ کے شعبوں میں تعاون پر ایم او یو سائن ہوا، ثقافت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوا، آڈیو-ویژول سروسز کی کو پروڈکشن کا معاہدہ ہوا، مذہبی خدمات اور مذہبی تعلیم کے شعبوں میں تعاون سمیت صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں تکنیکی تعاون پر ایم او یو سائن ہوئے۔
پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونی کیشنز، میڈیا اینڈ کمیونی کیشنز کے معاہدے
دونوں ممالک کے درمیان پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونی کیشنز، میڈیا و کمیونی کیشنز کے شعبوں میں ثقافتی تعاون اور آڈیو ویژول سروسز کے شعبوں میں معاہدے طے پاگئے۔
وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور ترکیہ کے ڈائریکٹر آف کمیونی کیشنز فخر الدین آلتن نے پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونی کیشن اور میڈیا اینڈ کمیونی کیشن کے شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔
وزیر اطلاعات و ثقافت عطاءاللہ تارڑ اور ترکیہ کے وزیر برائے خارجہ امور حقان فیدان نے ثقافتی تعاون اور آڈیو وژول سروسز کے شعبوں میں معاہدوں کا تبادلہ کیا۔
مذہبی امور، مذہبی تعلیم، حج و عمرہ سے متعلق تعاون بڑھانے پر ایم او یوز
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہبی امور اور مذہبی تعلیم کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور ترکیہ کے مذہبی امور کے وزیر ڈاکٹر علی ارباش نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
پاکستان اور ترکیہ کا حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک شدت پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان جدید عصری تعلیم کے فروغ کیلئے علماء کرام اور مدارس کے طلبا کے تبادلوں کو بڑھایا جائے گا۔
اماموں، خطیبوں اور مبلغین کی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی کورسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ انہیں سائنسی، مذہبی اور ثقافتی طور پر اہل بنایا جاسکے۔
مزید پڑھیں : ترک صدر رجب طیب اردوان کا وزیراعظم ہاؤس پر شاندار استقبال
بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کے فروغ اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے گا۔
اسلامی ثقافت کو پھیلانے اور اعتدال پسندی کے تصور کو فروغ دینے کے لیے مسلم ممالک کے ساتھ ملکر اقدامات کیے جائیں گے۔
اسلامی ورثے اور ثقافت کو زندہ رکھنے اور محفوظ رکھنے کے لیے مطبوعات اور تحقیق کا تبادلہ کیا جائے گا۔
کشمیر پر ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے ساتھ رہے گا، شہباز شریف
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر طیب اردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں امید ہے آپ کا دورہ پاکستانی بہت مفید ثابت ہوگا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں دونوں قوموں کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے پاکستان اورترکیہ کے درمیان غیرمعمولی تعلقات ہیں ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا صدر ترکیہ نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیت لیے انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں ںے فراخ دلی کے ساتھ پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید فروغ مل رہا ہے اور دونوں کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے، مسئلہ کشمیر پر ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی جب کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے موقف کی حمایت کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد مذموم مقاصد کے لیے افغان سرزمین کو استعمال کررہے ہیں جواب میں پاکستان سیکیورٹی فورسز ان سے نبرد آزما ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک زبان میں طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، طیب اردوان
ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے یہاں آکر خوشی ہوئی، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کیا۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آج 24 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر اتفاق ہوا ہے، صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تجارتی امور پر گفتگو ہوئی۔
طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں عظیم قومیں ہیں دونوں کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، ہم اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں : سیکٹر ایف ایٹ اور ایف نائین انٹرچینج طیب ایردوان کے نام سے منسوب
طیب اردوان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
سیکٹر ایف ایٹ اور ایف نائین انٹرچینج طیب ایردوان کے نام سے منسوب
حکومت پاکستان نے سیکٹر ایف ایٹ-ایف نائین انٹرچینج کو ترکیہ کے صدر عزت مآب رجب طیب ایردوان کے نام سے منسوب کردیا۔
اس حوالے سے ترکیہ کے صدر اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ سادہ اور پُروقار تقریب میں شرکت کی، ترک صدر نے طیب ایردوان انٹر چینج کی تختی کی نقاب کشائی کی۔
مذکورہ انٹر چینج کو جناح ایونیو اور آغا شاہی ایونیو کے سنگم پر حال ہی میں ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔
پاک ترکیہ وزرائے تجارت ملاقات
قبل ازیں وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک وزیر تجارت عمر بولات کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ دونوں ممالک کا تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔
وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کا دوسرا گھر ہے۔
ترک وزیر عمر بولات نے کہا کہ صدر اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی تعلقات سے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملا۔
پاکستان اور ترکیہ نے ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کو مؤثر بنانے پر غور کیا۔ ڈی-8 ترجیحی تجارتی معاہدے کی بحالی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی دیکھیں : ترک صدر کی پاکستان میں مصروفیات کی تصویری جھلکیاں
ترک وزیر بولات نے کہا کہ ترکیہ کی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
ملاقات میں پاکستانی مصنوعات کی ترکیہ میں نمائش کے لیے “میڈ ان پاکستان” ایکسپو کی تجویز دی گئی۔ ترکیہ پاکستانی باسمتی چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گا۔
پاکستان نے ترکیہ کو اپریل میں ہونے والی ہیلتھ کیئر اینڈ انڈسٹریل ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔
دونوں کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے، ترکیہ اور پاکستان مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔