عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر ہوگا جب کہ نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔
وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں ردو بدل کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ 26-2025 کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش ہو گا۔
قبل ازیں میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عید کی وجہ سے 7 اور 8 جون کو عام تعطیل ہوں گی، لہٰذا عید کے تیسرے دن 9 جون کو ورکنگ ڈے کا اعلان کرنا پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا عید کے تیسرے دن 9 جون کو قومی اقتصادی کونسل اور اکنامک سروے جاری کرنےکا شیڈول ہے، ایک ہی دن این ای سی اور اکنامک سروے جاری کرنا ممکن نہیں ہو گا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق این ای سی کے اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے، قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دی جاتی ہے، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس دن بھر جاری رہتا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ تھا کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس اور بجٹ پیش کرنے میں روایتی طور پر 2 دن کا وقفہ رکھا جاتا ہے، حکومت وفاقی بجٹ پیش کرنے کے تاریخ میں دو دن کی توسیع کر سکتی ہے۔
تاہم اب وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ قومی اقصادی کونسل کے اجلاس کی تاریخ میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے، اے پی سی سی کے اجلاس کی تاریخ کا تعین ابھی تک نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات آج پھر ہونگے، مذاکرات میں تنخواہ دار طبقے اور صنعتی شعبے کو ریلیف دینے پر بات چیت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے بجٹ اہداف اور ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، نئے مالی سال کے بجٹ کو آئی ایم ایف کی مشاورت سے حتمی شکل دی جارہی ہے، نئے مالی سال کا بجٹ 10 جون کو ہی پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا فیصلہ وزیر اعظم کے بیرون ملک دورے سے واپسی پر ہوگا۔
ذرائع نے کہا کہ نیشنل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس 5جون کو بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ بجٹ 10جون کوہی پیش ہوگا، عید کی چھٹیوں کا فیصلہ وزیر اعظم کے بیرون ملک دورہ سے واپسی پر ہوگا۔