محمد حارث کی ٹی20 میں پاکستان کی دوسری تیز ترین سنچری

پاکستان نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ٹی20 میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کیا


ویب ڈیسک June 02, 2025
فوٹو: کرک انفو

لاہور:

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کے آخری ٹی20 میں شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور دوسری تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش  کے خلاف ٹاس جیت کر کپتان سلمان آغا نے مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 196 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے قدرے مشکل ہدف دیا، مہمان ٹیم کے اوپنر پرویز حسین ایمون نے 34 گیندوں پر بہترین 66 رنز بنائے۔

پاکستان نے 197 رنز کا ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں فتح گر اننگز کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کے لیے مشکلات کا تصور ابھرنے لگا تھا تاہم صائم ایوب اور محمد حارث نے اس تاثر کو زائل کردیا۔

پاکستان نے محمد حارث کی بہترین 46 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں کلین سوئپ کیا۔

محمد حارث نے پاکستان کی جانب سے دوسری تیز ترین ٹی20 سنچری بنائی، انہوں نے 45 گینوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے ٹی20 میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ نوجوان بیٹر حسن نواز کے پاس ہے، جنہوں نے 21 مارچ 2025 کو نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں 44 گیندوں پر بنایا تھا۔

بابر اعظم نے 49 گیندوں پر ٹی20 کی سنچری مکمل کی تھی اور وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، بابر نے جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ سنچورین میں 14 اپریل 2021 کو یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

سابق اوپنر احمد شہزاد نے بنگلہ دیش ک ےخلاف 30 مارچ 2014 کو ڈھاکا میں 58 گیندوں پر ٹی20 سنچری بنائی تھی۔

مقبول خبریں