امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے یوکرین سے کچھ میزائل اور ڈرون دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کیے ہیں تاکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع کے دوران خطے میں موجود امریکی اہلکاروں اور مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ان سے بار بار پوچھا جا رہا تھا کہ کیا امریکا نے یوکرین سے کچھ دفاعی سسٹمز مشرق وسطیٰ منتقل کیے ہیں، تو ان کا جواب ہے: ’’ہاں، ہم نے ایسا کیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں موجود اپنے شہریوں اور افواج کے تحفظ کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر جاری میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور امریکا کی یہ کارروائی اسی تناظر میں کی گئی ہے۔