لاہور:
لاہور سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرامز جاری ہیں، جس کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔
پولیس کی ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیموں کو گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ علاقے میں امن و سکون برقرار رہے۔
آئی جی پنجاب نے تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔
مزید برآں، آئی جی پنجاب نے گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں اور معاشرتی امن کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔