پہلی مرتبہ پاکستانی کے بانڈز کی لین دین اضافی قیمت پر ہورہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں بانڈز فلوٹ کرنے کا یہ بہتر وقت ہے تاہم فیصلہ حکومت کرے گی، جمیل احمد


کاشف حسین July 30, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے انٹرنیشنل مارکیٹ میں جاری کردہ بانڈز کی لین دین اضافی قیمت (پریمیم) پر کی جا رہی ہے جو بین الاقوامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتبار بہتر ہونے کی دلیل ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ 2023 میں پاکستان کا انٹرنیشنل بانڈ اپنی اصل قیمت سے کم (37 سے 38 سینٹس) کم پر ٹریڈ ہوتا تھا لیکن آج پاکستان کے تین بانڈز انٹرنیشنل مارکیٹ میں پریمیم پر ٹریڈ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیرملکی قرضوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں اورساتھ ہی پاکستان نے اپنے قرضوں کا پورٹ فولیو زیادہ سودی قرضوں سے تبدیل کرکے ملٹی لیٹرل کم سودی قرضوں میں منتقل کیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کے 50 فیصد کے لگ بھگ قرضے ایسے ہیں جن پر سود کم ہے، دوسری جانب پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مؤثر انداز میں مستحکم کرتے ہوئے تمام ادائیگیاں بروقت کیں، جس سے پاکستان کے قرضوں کی کوالٹی بہتر ہونے کے ساتھ قرضوں کی واپسی کی صلاحیت بھی بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ یکے بعد دیگرے دو کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر اور آؤٹ لک مستحکم کیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں بانڈز فلوٹ کرنے کا یہ بہتر وقت ہے تاہم فیصلہ حکومت کرے گی۔

مقبول خبریں