لاہور:
مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کے زیر اثر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کے باعث درجہ حرارت اور حبس کی شدت میں قدرے کمی آگئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 13 سے 17 اگست کے دوران پنجاب کے بالائی حصوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے جبکہ 18 سے 21 اگست تک پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جانے کے امکان ہیں۔
بارش کے دوران نکاسی آب کے لیے ضلع انتظامیہ، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی فیلڈ میں موجود ہیں۔
آج سے 21 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔