پشاور:
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر معاوضے کا پیکج ڈبل کر دیا گیا ہے، سیلاب متاثرین کو خصوصی پیکج کے تحت معاوضوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ خصوصی پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے معاوضے کا پیکج 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے اور معاوضوں کی ادائیگی کے لیے تمام اضلاع کو 85 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعلیٰ نے سوات میں سیلاب متاثرین کو معاوضوں کے چیکس تقسیم کیے ہیں، آج سے باضابطہ طور پر تمام متاثرہ اضلاع میں معاوضوں کے چیکس کی تقسیم شروع ہو جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود متاثرہ اضلاع کے دورے کر رہے ہیں، صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ندی نالوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
امدادی سامان روانہ
مشیر صحت احتشام علی کی ہدایت پر بونیر کے متاثرین کے لیے طبی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ بونیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ایمرجنسی ادویات کی ایک اور کھیپ بونیر روانہ کر دی گئی۔
ادویات مشیر صحت کی ہدایت پر محکمہ صحت کی کوارڈینیشن سے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے فراہم کیں۔
مشیر صحت کا کہنا تھا کہ 800 کلو گرام پر مشتمل ادویات کی یہ کھیپ آج صبح بونیر روانہ کر دی گئی ہے۔ سیلاب کے اگلے دن میں خود ایمرجنسی ادویات، طبی عملہ موبائل ہیلتھ کلینکس لے کر گیا ہوں اور انصاف ڈاکٹرز فورم سے وہاں پر میڈیکل کیمپس قائم کیے ہیں۔
مشیر صحت احتشام علی کا کہنا تھا کہ آفت زدہ اضلاع کے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ خود رابطے میں ہوں، تمام مراکز صحت بالکل فعال، طبی عملے سے بھرپور اور ادویات کی فراہمی میں خود کفیل ہیں۔