کراچی:
شہر میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سسٹم آج سے کمزور پڑے گا، 27 اگست سے کراچی میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگا، جمعرات کو اور تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی میں ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مون سون کے حالیہ بارشوں کا سبب بننے والے سسٹم کے اثرات جمعرات کو بھی شہر پر برقرار رہا، دوپہر کے وقت مطلع کہیں صاف اور کہیں جزوی اور مکمل ابرآلود رہا، تاہم سہ پہر کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔
اس دوران مضافاتی علاقوں گلشن معمار، احسن آباد، گلشن حدید سے شروع ہونے والا سلسلہ بعدازاں اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ڈی ایچ اے، کلفٹن، صدر، کالا پل، اختر کالونی اور قیوم آباد سمیت دیگر علاقوں تک پھیلا، شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کو ہوئی بارش کے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 18ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، سرجانی اور نارتھ کراچی میں 7 ملی میٹر، مسرور بیس 4، گلشن معمار 3.4، اولڈ ائیرپورٹ 2.6ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 1.1 جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 219 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، کیماڑی میں 204، سعدی ٹاؤن میں 198.8، اورنگی ٹاؤن195.7، ناظم آباد 194.6، ائیرپورٹ اولڈ ایریا187، یونیورسٹی روڈ174.6، جناح ٹرمینل184.8، ڈی ایچ اے161.5، سُرجانی179.6، فیصل بیس177، گلشنِ معمار145.6، نارتھ کراچی158، مسرور بیس140، کورنگی میں 178.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق شہر بھر میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ آج (جمعہ کو کمزور ہوجائے گا جس کے بعد مزید تیز بارشوں کا امکان نہیں رہے گا البتہ ہفتے کو شہر کا مطلع مکمل ابرآلود جبکہ اتوار، پیر کو جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے اثرات کے سبب اگلے چند روز تک شہر کا موسم قدرے معتدل رہنے کی توقع ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم کے مطابق مون سون کے حالیہ سسٹم کے ختم ہونے کے بعد انتہائی قلیل وقت کے بعد ایک اور نیا سلسلہ 26 اگست سے دیہی سندھ کے تھرپارکر، مٹھی، عمرکوٹ جبکہ 27 اگست سے کراچی پر بارشوں کی صورت اثرانداز ہوسکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی چونکہ سسٹم دور ہے اس وجہ سے اس حوالے سے قبل ازوقت یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ یہ کراچی میں کتنی شدت کی بارشیں دے سکتا ہے تاہم آنے والے تین سے چار دن میں صورتحال زیادہ واضح ہوجائے گی۔
مون سون کے نئے سسٹم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس کے مطابق 23 اگست سے 27 اگست کے درمیان ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق 23 اگست سے 26 اگست کے درمیان عرصے میں سندھ کے علاقوں مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلاھار بارشوں کا امکان ہے۔27اگست کو کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر
کراچی میں بارشوں کے سبب بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، متعدد علاقوں میں 4 دن سے بجلی کی فراہمی بند ہے جبکہ جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد ایک با پھر متعدد فیڈرز متاثر ہو گئے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، رات گئے تک شہرمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شہریوں کو بارشوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں ایک بار پھر کے الیکٹرک ناکام ہوگیا، جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، کے الیکٹرک کا ٹرانسمیشن سسٹم پورے شہر کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا۔
بارش کے باعث 170 فیڈرز بند ہوگئے، بیشتر علاقوں اور اپارٹمنٹس کے سب اسٹیشنز اور انڈرگراونڈ کیبلز میں پانی کی وجہ سے بجلی بند ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں معین آباد، کشمیر روڈ، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، صفورہ گوٹھ، کنیز فاطمہ سوسائٹی، مدراس چوک نعمان اسکوائر، اسکیم 33، بلدیہ ، ڈی ایچ اے، گلستان جوہر بلاک 3، گلشن اقبال، بن قاسم، گلشن حدید، منگھو پیر، رزاق آباد، اولڈ سٹی ایریا، اردو بازار، ایم اے جناح روڈ میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔
بجلی کی طویل بندش کے سبب گھروں میں پانی ختم ہوگیا، بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
جمعرات کو بھی فلائٹ آپریشن متاثر
موسم کی خرابی اور راستوں کی بندش کے سبب جمعرات کو بھی جناح ٹرمینل پر فلائٹ آپریشن متاثر رہا، 12ملکی وغیرملکی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق موسمی کی خرابی کے سبب کاک پٹ اور کیبن کریو کی عدم دستیابی اور مسافروں کی کم تعداد کے پیش نظر جمعرات کو بھی کراچی ائیرپورٹ سے اندرون ملک و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
ذرائع کے مطابق عراقی ائیر کی کراچی سے نجف کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے صبح 6 بجے روانہ ہوئی، ائیربلیو کی کراچی سے جدہ کی پرواز 170 لگ بھگ سات گھنٹے تاخیر کے بعد صبح 10بجے روانہ ہوئی۔
قطر ائیر کی کراچی سے دوحہ کی پرواز 605 ، فلائی دبئی کی کراچی سے دبئی کی پرواز 332، اتحاد ائیر کی کراچی سے ابوظہبی کی پرواز 297 ، پی آئی اے کی کراچی سے اسکردو کی پرواز 455 ایک گھنٹہ تاخیرسے روانہ ہوئیں جبکہ سیرین ائیر کی کراچی سے لاہور کی پرواز 520، فلائی عدیل کی کراچی سے ریاض کی پرواز 3662 آدھا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ائیرسیال کی کراچی سے اسلام آباد کی صبح سات بجے کی پرواز 121 جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے لاہور کی صبح 8 بجے کی پرواز 302 مقررہ وقت کے کئی گھنٹے بعد بھی اڑان نہ بھرسکی، مذکورہ صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے گوادر کی پرواز 503 منسوخ کی گئی۔