اے این ایف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافر کو ماں اور بیوی سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم کی بیوی اور ساس نے مجموعی طور پر پیٹ میں ہیروئین بھرے 83 کیپسول نگل رکھے تھے، ملزم کی بیوی سے 12 اور ساس سے 71 ہیروئین بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔
دونوں خواتین کے پیٹ سے برآمدہ ہیروئین کی مقدار 549 گرام ہے۔ پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی تصدیق کے لیے ملزمان کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
اے این ایف کی بروقت کارروائی نے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔
منشیات فروشوں اور اسمگلروں کی جانب سے مذہبی سفر کو نشانہ بنانا ایک باعث تشویش امر ہے، ایسے عناصر کی سرکوبی کے لیے اے این ایف ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سے گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، ملزمان کو اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔