پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 4 بنگلادیشی باشندوں کی ایران جانےکی کوشش ناکام،ایجنٹس سمیت گرفتار

ایف آئی اے بلوچستان نے دو ایجنٹس سمیت چار بنگلادیشی باشندوں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی


آفتاب خان August 23, 2025
(فوٹو: فائل)

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے 4 بنگلہ دیشی شہریوں کی غیر قانونی طریقے سے ایران جانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 2 ایجنٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے بلوچستان زون کا انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے کامیاب کارروائی کے دوران 4 بنگلہ دیشی شہریوں کی غیرقانونی طور پر ایران جانے کی کوشش ناکام بنائی۔

مذکورہ کارروائی میں بدنام زمانہ ایجنٹوں نادر اورساتھی حیدر کی گرفتاری بھی عمل میں آئی، ملزمان غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش میں پکڑے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق حراست میں لیے گئے بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت عتیق الرحمان، شمن، خیرالحسن اور رتن علی کے نام سے ہوئی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتارملزمان غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور بعدازاں ایجنٹوں کی مدد سے ایران جانے کی کوشش کررہے تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کوخفیہ اطلاع پرگرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مقبول خبریں