ہوگن کی موت طبی غلطی کے باعث ہوئی؟ تفتیش نئے رخ پر

بیٹی بروک ہوگن نے گواہان اور شواہد منظرعام پر لانے کا مطالبہ کردیا


ویب ڈیسک August 25, 2025
ہلک ہوگن کی 21 جولائی کو اچانک موت کو دل کا دورہ قرار دیا گیا تھا

ریسلنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور عالمی شہرت یافتہ ہلک ہوگن کی اچانک موت پر تحقیقات کے دوران نیا رخ سامنے آگیا۔

ابتدائی طور پر اطلاع دی گئی تھی کہ71 سالہ ہلک ہوگن 24 جولائی کو امریکی ریاست فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے لیکن اب ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ موت طبی غفلت اور غلطی کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایک تھراپسٹ، جو ہلک ہوگن کے گھر موجود تھے، نے پولیس کو بتایا کہ ایک حالیہ آپریشن کے دوران سرجن نے مبینہ طور پر سانس لینے کے عمل کو کنٹرول کرنے والی Phrenic Nerve کو نقصان پہنچایا تھا۔

اس دعوے کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دیں اور پولیس کی باڈی کیم فوٹیج میں تھراپسٹ کا یہ بیان ریکارڈ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ہلک ہوگن کی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی نے 21 جولائی کو اس وقت ایمرجنسی سروسز کو کال کی جب وہ سانس لینے میں دشواری کے باعث بے ہوش ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ہلک ہوگن کی بیٹی بروک ہوگن نے بھی انسٹاگرام پر مطالبہ کیا کہ پولیس کی باڈی کیم فوٹیج اور 911 کالز عوام کے سامنے لائی جائیں کیونکہ ان کے مطابق یہ شواہد "کہانی بدل سکتے ہیں"۔

بروک نے یہ بھی کہا کہ انہیں باقاعدہ طبی ماہرین کی جانب سے رابطے کیے گئے ہیں جنہوں نے اس معاملے پر مزید چھان بین پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ ہوگن گزشتہ ایک دہائی میں متعدد سرجریز کروا چکے تھے اور اپنی صحت کے مسائل کے باعث مسلسل علاج میں مصروف تھے۔

تاہم کلیئر واٹر پولیس ڈپارٹمنٹ کا مؤقف ہے کہ معروف ریسلر ہلک ہوگن کی موت قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی اور کسی قسم کے شواہد مشکوک نہیں پائے گئے۔

 

مقبول خبریں