سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر کریانہ دکان کے مالک کو فائرنگ کر قتل کر دیا۔رواں سال شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 61 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے کریانہ کی دکان میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 35 سالہ ظہیر شاہ کے نام سے کی گئی۔
عباسی شہید اسپتال میں مقتول کے چچا نے بتایا کہ ظہیر شاہ کی اپنی کریانہ شاپ تھی جبکہ وہ دو بچوں کا باپ تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا ، مقتول کی دکان پر موٹر سائیکل سوار ڈاکو آئے تھے اور نقدی چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر فرار ہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ علاقے میں ڈکیتی کی واردات روز کا معمول بنی ہوئی ہیں اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کی شدید مذمت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔