کراچی، مرتضیٰ وہاب کا ضیاء الدین روڈ پر سیوریج لائن کے کام کا اچانک معائنہ

پائپ لائن کی مکمل تبدیلی کا کام 4 دن میں مکمل ہونے کا امکان ہے، حکام


ویب ڈیسک August 27, 2025

کراچی:

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ضیاء الدین روڈ پر جاری سیوریج لائن کی تبدیلی کے کام کا اچانک دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا اور عملے کو کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

چیف انجینئر سیوریج آفتاب چانڈیو نے میئر کراچی کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث 66 انچ قطر کی سیوریج لائن شدید متاثر ہوئی، جس کے باعث اردو بازار، برنس روڈ، بولٹن مارکیٹ، سٹی کورٹ اور چنگیگر روڈ سمیت کئی علاقے متاثر ہو گئے۔

میئر کراچی نے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، شہریوں کو کسی صورت مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ حکام کے مطابق پائپ لائن کی مکمل تبدیلی کا کام 4 دن میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ جہاں جہاں بارش سے سیوریج انفرااسٹرکچر متاثر ہوا ہے، وہاں فوری طور پر بحالی کا کام شروع کیا جائے۔

میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ کام ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، شہری متبادل راستے اختیار کریں اور تعاون کریں۔

مقبول خبریں