اسلام آباد:
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 4 اکتوبر اور 26 نومبر احتجاج کے مقدمات میں پی ٹی آئی این اے 48 کے صدر سہیل ستی کو مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
سہیل ستی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی جج عدنان خان نے کیس پر سماعت کی، ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
ملزم کے وکیل انصر کیانی نے عدالت میں کہا کہ یہ مقدمات غیر قانونی اور سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں، یہ ڈسچارج کرنے کا کیس ہے، عدالت ریمانڈ کی استدعا مسترد کرے۔
عدالت نے پولیس کی مزید ریمانڈ کی استدعا پر ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پولیس کے حوالے کردیا، سہیل ستی کیخلاف تھانہ کہنہ میں 2 مقدمات درج ہیں۔