کراچی:
سندھ ہائی کورٹ نے پولیس میں کانسٹیبل کی پوسٹ پر بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پولیس میں کانسٹیبل کی پوسٹ پر بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کیے، 80 نمبر حاصل والوں کے بجائے 40 نمبر حاصل کرنے والوں کو پاس کیا گیا، انٹرویو میں اہل امیدواروں کو ناکام قرار دیا گیا، پولیس میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں، شفاف بھرتیاں نہ ہونے پر نوجوان امیدواروں میں بے چینی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میرٹ پر پورا اترنے والوں کو پولیس میں بھرتیوں کا حکم دیا جائے، میرٹ کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 9 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔