پشاور:
امریکی فارن سروس کے تجربہ کار افسر ٹام ایکرٹ نے قونصلیٹ جنرل پشاور میں بطور قونصل جنرل اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے ٹام ایکرٹ کی پشاور میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور میں ریاستہائے متحدہ امریکا کی نمائندگی کرنے والے نامور سفارت کاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹام اُن ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے نہایت موزوں شخصیت ہیں، جو پاکستان کی آزادی سے شروع ہونے والے ہمارے سفارتی تعلقات کا تاریخی تسلسل برقرار رکھنے اور خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ایسے نئے تعلقات اُستوار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، جو ہم سب کو مضبوط، محفوظ اور مزید خوشحال رکھنے کے حامل ہوں۔
دریں اثنا قونصل جنرل ٹام ایکرٹ نےکہا کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کی ثقافت، ورثے اور مشہور مہمان نوازی کے بارے میں کافی کچھ سنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاشی مواقع کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل شراکتوں کو تقویت دینے اور روشن و پُرامن مستقبل کی تعمیر کی خاطر مِل جُل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں ۔
واضح رہے کہ قونصل جنرل ایکرٹ نے 2003ء میں امریکی محکمہ خارجہ میں شمولیت اختیار کی ۔ حال ہی میں انہوں نے قبرص میں بطور سینئر ریجنل سکیورٹی آفیسر اور ناظم الاُمور خدمات سرا انجام دی ہیں۔ قبل ازیں وہ گیبون، ویت نام، برما، عراق اور افغانستان میں بھی تعینات رہے ہیں۔ ٹام کا تعلق امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈلفیا سے ہے۔