10 لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلے کیلیے تیاری مکمل کرلی، چیف سیکریٹری سندھ

ممکنہ سیلاب کے پیش نظر اب تک 94 ہزار 864 افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے، آصف حیدر شاہ


ویب ڈیسک September 04, 2025

کراچی:

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے 10 لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کے لیے تیاری مکمل کر لی، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر اب تک 94 ہزار 864 افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا۔ چیف سیکریٹری سندھ کو محکمہ آبپاشی اور دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے بریفگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈو بیراج پر اس وقت اَپ اسٹریم میں پانی کی آمد 337771 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 311834 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے اعلانات کیے ہیں، عوام انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ کسی نقصان سے بچا جا سکے، ضلع انتظامیہ سیلاب سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی واضح ہدایات پر 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ خود ہر 24 گھنٹے بعد سیلابی صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں، سندھ حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ صوبائی رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل سے سیلاب کی صورتحال کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے، پاکستان آرمی، نیوی اور ریسکیو 1122 سمیت اداروں سے قریبی رابطہ ہے جبکہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم اور مانیٹرنگ سیلز قائم کر دیے گئے ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ 950 رلیف کیمپس اور 750 کشتیاں عوام کے انخلا کے لیے مختص کی گئی ہیں، سندھ میں ہر 12 گھنٹے بعد سیلابی صورتحال مانیٹر کی جا رہی ہے۔

حفظاتی اقدامات

پاک آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے و الے اداروں کے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے۔

پاک فوج کے افسر و جوان ہمیشہ کی طرح اپنی عوام کی خاطر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں بھرپور حصہ لیں گے۔

پاکستان رینجرز سندھ جانب سے محکمہ آبپاشی کے تعمیر و مرمت پر مامور عملے کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور حفاظتی بند پر رینجرز کی موبائل گشت اور پکٹس کو مزید بڑھا دیا گیا ہے، کچے کے علاقے سے نکلنے والے لوگوں کو بھی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ مکینوں کو مفت طبی سہولیات میسر کی جا رہی ہیں۔ پاک فوج اور پاکستان رینجرز سندھ کی ان کاوشوں کو علاقہ مکینوں نے خواب سراہا۔

مقبول خبریں