سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

6 ستمبر کی شام یا رات سے 9 ستمبر کے درمیان تک تیزآندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


اسٹاف رپورٹر September 04, 2025

کراچی:

محکمہ موسمیات نے سندھ میں 7 سے 9 ستمبر تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کردی، کراچی میں نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کم دباؤ کا نظام اس وقت مدھیہ پردیش (بھارت) میں موجود ہے اس کے مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے اور 6 ستمبر کو راجستھان سے ملحقہ سندھ کے علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کی وجہ سے سندھ اور پنجاب کے مشرقی علاقوں میں مون سون کی تیز ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔ ان موسمیاتی حالات کے زیر اثر6 ستمبر کی شام یا رات سے 9 ستمبر کے درمیان تک تھرپارکر(مٹھی،اسلام کوٹ، ننگرپارکر، چھاچھرو، ڈھلی، ڈیپلو، کلوئی) عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، مٹیاری،ٹنڈو الہیار، کراچی، ٹنڈو الہیار، بدین، حیدر آباد، ٹنڈوخان، بدین میں تیزآندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں : بارش کا ایک اور اسپیل؛ پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ

اس دوران کہیں کہیں موسلادھار بارشیں بھی ہوسکتی ہیں جن کے سبب میرپور خاص، شہید بےنظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدرآباد اور کراچی کے علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، پنجاب میں اموات 46 ہوگئیں، 37لاکھ افراد متاثر

تیز آندھی اور بجلی گرنے سے کچی تعمیرات، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مقبول خبریں