اقوام متحدہ اور او آئی سی کی دوحہ پر اسرائیلی حملے کی مذمت

حماس نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں اس کے رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوئے


ویب ڈیسک September 10, 2025

اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ دوحہ پر فضائی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ میں شامل تمام فریقین کو جنگ بندی کی کوششیں کرنی چاہئیں نہ کہ انہیں سبوتاژ کرنا چاہیے۔

او آئی سی نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تنظیم نے سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس خطرناک جارحیت سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے دفتر پر اس وقت فضائی حملہ کیا جب قیادت غزہ جنگ بندی معاہدے پر مشاورت کے لیے موجود تھی۔

اسرائیلی وزیر اعظم اور فوج نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانا تھا۔ دوسری جانب حماس نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں اس کے رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوئے، تاہم تنظیم کی مرکزی قیادت محفوظ رہی۔

 

مقبول خبریں