بچوں کو لاحق بارہ بیماریوں میں تیرویں مہلک ترین بیماری کا اضافہ

راولپنڈی میں 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک 3 لاکھ 87. ہزار 334 بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی


ویب ڈیسک September 11, 2025

بچوں کو لاحق ہونے والی بارہ بیماریوں میں تیرویں مہلک ترین بیماری کا اضافہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بچوں کو لاحق ہونے والی بارہ بیماریوں میں تیرویں مہلک ترین بیماری سروائیکل کینسر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سروائیکل کینسر کی جان لیوا بیماری خواتین کو نشانہ بناتی ہے۔ ایچ پی وی وائرس بچہ دانی کے منہ کے کینسر (سروائیکل کینسر) کی بڑی وجہ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ 9 سال سے 14 سال عمر کی لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کی ویکسینیشن مہم پندرہ ستمبر سے شروع کی جارہی ہے۔ 

ضلع راولپنڈی میں 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک 3 لاکھ 87. ہزار 334 بچیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ویکسینیشن کمپئین کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے  HPV ویکسین مہم کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔

مہم ضلع کی تمام 9 تحصیلوں اور 212 یونین کونسلوں میں چلائی جائے گی۔ راولپنڈی کی تخمینہ آبادی 2025 میں 63 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ 303 آؤٹ ریچ موبائل ٹیمیں ویکسینیشن مہم میں حصہ لیں گی جبکہ ضلع بھر میں 19 مقررہ ویکسینیشن مراکز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

ویکسینیشن سنٹرز میں 5 ہزار 700 بچیوں کو ویکسین دی جائے گی اور مہم کے لیے 322 ویکسی نیٹرز اور 322 ٹیم اسسٹنٹس تعینات ہونگے۔ 625 سوشل موبلائزرز کمیونٹی میں آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

علاوہ ازیں 212 یونین کونسلوں میں فرسٹ لیول سپروائزر تعینات کر دیے گئے ہیں اور 27 سیکنڈ لیول سپروائزرز مہم کی نگرانی کریں گے۔ ویکسین کے بعد ممکنہ مضر اثرات (AEFI) سے نمٹنے کے لیے فوکل پرسن بھی تعینات کیا گیا ہے۔

مہم کے دوران طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر احسان غنی نے والدین اور اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ ہر اہل بچی کو یہ زندگی بچانے والی ویکسین لگوانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمارے بچوں کی صحت ایک مشترکہ امانت ہے۔

مقبول خبریں