اسرائیلی فوج کا صنعا پر بڑا حملہ، حوثیوں کے 11 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا

اسرائیلی فوج کے مطابق بمباری میں حوثیوں کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز، انٹیلی جنس کمپاؤنڈز اور فوجی کیمپ شامل تھے


ویب ڈیسک September 26, 2025

یمن کے دارالحکومت صنعا پر اسرائیلی فوج نے شدید بمباری کی ہے جس میں انصاراللہ (حوثی) رہنماؤں کے مراکز اور ہتھیاروں کے گوداموں سمیت 11 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے ساحلی شہر ایلات (ام الرشراش) پر ڈرون حملے کے ایک دن بعد کی گئی۔ ڈرون حملے میں 20 سے زائد اسرائیلی زخمی ہوئے تھے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق بمباری میں حوثیوں کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز، سکیورٹی اور انٹیلی جنس کمپاؤنڈز اور فوجی کیمپ شامل تھے۔ وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے صنعا میں حوثی دہشت گرد تنظیم کے کئی ٹھکانوں پر طاقتور وار کیا ہے۔"

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ حملے صنعا کے جنوبی اور مغربی حصوں پر اس وقت ہوئے جب حوثی رہنما عبدالملک الحوثی کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر کی جا رہی تھی۔


 

مقبول خبریں