وزیر داخلہ کا پمز اسپتال کا دورہ، آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت

محسن نقوی نے اسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی


ویب ڈیسک October 02, 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس گئے اور خیریت دریافت کی ۔ ‎وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کے جذبے اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ آپ سب نے انتہائی ہمت، حوصلے اور جوانمردی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے۔شرپسندی کے باوجود آپ نے تحمل سے کام لیا۔آپ پاکستان کے بہادر سپوت ہیں اور ہم سب کو اپ پر ناز ہے۔

محسن نقوی نے چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد کو آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ ‎وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ‎پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ چند شر پسند عناصر دشمن کی ایماء پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کے مذموم مقاصد کو ہرگز کامیاب نہ ہونے دیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ‎پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پمز ہسپتال میں اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج ہیں۔

مقبول خبریں