تارکین وطن کے لیے دل اور دروازے کھول دو، پوپ لیو کا کیتھولک عیسائیوں کو پیغام

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پوپ لیو نے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر تنقید کی تھی


ویب ڈیسک October 07, 2025

ویٹیکن سٹی: کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے دنیا بھر کے 1.4 ارب کیتھولک عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تارکین وطن اور مہاجرین کے ساتھ ہمدردی اور محبت کا برتاؤ کریں۔

پوپ لیو نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے ساتھ سرد مہری یا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں بھائی بہنوں کی طرح خوش آمدید کہا جانا چاہیے۔

پوپ نے کسی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ عیسائیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بازو اور دل مہاجرین کے لیے کھولیں، انہیں امید اور تسلی کا ذریعہ بنیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پوپ لیو نے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ پالیسیاں چرچ کی زندگی کے احترام کی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

پوپ لیو نے مزید کہا کہ عالمی چرچ ایک ’نئے تبلیغی عہد‘ سے گزر رہا ہے، اور اس کا مقصد تشدد اور ظلم سے بھاگنے والے مہاجرین کو خوش آمدید، ہمدردی اور یکجہتی فراہم کرنا ہے۔

ویٹیکن کے مطابق، یہ خطاب کیتھولک چرچ کے ’سالِ مقدس‘ کے موقع پر مہاجرین کے لیے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا، جس میں 95 ممالک سے 10 ہزار سے زائد زائرین نے شرکت کی۔

 

مقبول خبریں