لاہور:
9 مئی کے مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بریت کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نو مئی کے مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جو کہ پراسیکیوشن نے دائر کی۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کی۔
پراسکیوشن نے موقف اپنایا کہ شاہ محمود قریشی کو ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس بری کیا، ٹرائل کورٹ نے شاہ محمود قریشی کے خلاف حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، عدالت شاہ محمود قریشی کی بریت کو کالعدم قرار دے۔
دو رکنی بینچ نے اس نوعیت کی دیگر اپیلوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کردی، دو رکنی بینچ تمام کیسوں کی سماعت اکٹھی کرے گا۔ بعدازاں عدالت نے اپیل پر سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔