صنعت و زراعت کی ترقی؛ وزیراعظم نے ’’روشن معیشت بجلی پیکیج‘‘ کا اعلان کردیا

شہباز شریف نے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین و کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں پیکیج کا اعلان کیا


ویب ڈیسک October 23, 2025

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی صنعت و زراعت کی ترقی کے لیے روشن معیشت بجلی پیکیج کا اعلان کردیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین و کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں پیکیج کا اعلان کیا۔

پیکیج کے تحت صنعتوں اور کسانوں کو آئندہ تین سالوں (نومبر 2025 سے اکتوبر 2028) میں رعایتی قیمت پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ صنعتی شعبے کو 34 روپے اور زرعی شعبے کو 38 روپے پر ملنے والے یونٹس کی قیمت کو خاطر خواہ کم کرکے اضافی یونٹس فراہم کیے جائیں گے، آئندہ تین برس میں پورا سال صنعتی و زرعی شعبے کو اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی قیمت پر فراہم کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ روشن معیشت بجلی پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی بجلی کا بوجھ نہ تو گھریلو صارفین اور نہ ہی کوئی دیگر شعبہ اٹھائے گا، وزیر بجلی سردار اویس لغاری اور انکی ٹیم کی اس پیکیج کی تیاری کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار میں اضافے کیلئے صنعت و زراعت کی ترقی انتہائی ضروری ہے، ملکی صنعتوں اور زرعی شعبے کی خطے میں مسابقت بڑھانے اور کاروباری سہولیات میں اضافے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ برس موسم سرما میں دیئے جانے والے پیکیج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال کی، جسکی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے.

شہباز شریف نے کہا کہ معاشی بحران سے معاشی استحکام کا سفر کٹھن ضرور تھا لیکن معاشی ٹیم کی محنت اور آپ سب کے تعاون سے یہ ممکن ہوا، صنعت و زراعت کے شعبے ترقی کریں گے تو ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی، اللہ کے فضل کرم سے بہتر پالیسیوں کی بدولت معاشی اشاریے بہتر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مگر ہم سب کو مل کر ابھی مزید محنت کرنی ہے، پختہ یقین ہے کہ آپ کے تعاون اور معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت سے پاکستان کی معاشی خودمختاری کا ہدف جلد حاصل کر لیں گے۔

وزیراعظم  کی صنعتی و کاروباری حضرات سے ملاقات، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کی  بہتری کےلیے صورتحال کا جائزہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملکی صنعتی و کاروباری حضرات سے ملاقات میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کی  بہتری کے لیے صورتحال پر جائزہ لیا گیا۔

معیشت و صنعت کے مختلف شعبہ جات کے نمائندگان نے اپنےمتعلقہ مسائل اور  مختلف حکومتی اقدامات کے لیے سفارشات پیش کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام نمائندگان کی سفارشات  کے تناظر میں بہترین حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی تاکہ ملکی معیشت کو کاروباری حضرات کے تعاون سے دیر پا ترقی اور مثبت سمت پر گامزن کیا جا سکے۔

اجلاس میں بالخصوص صنعتی پیداوار کے اخراجات کو کم کرنے، علاقائی سطح پر دوسرے ممالک کی مصنوعات کے مقابلے میں پرکشش بنانے اور پاکستان میں صنعت و تجارت میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

کاروباری حضرات نے مختلف شعبہ جات میں حکومتی اقدامات کے پیش نظر  میکرو اکنامک استحکام کی تعریف کی اور کہا کہ اسی مثبت سمت میں مزید موثر کام کرنے سے ملک میں معاشی صورتحال سرمایہ کاری کے لیے مزید سازگار بنائی جا سکتی ہے۔

 ملاقات میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈیویژن احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،  وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال ،وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ وزارتوں کے اسرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

مقبول خبریں