بجلی کی قیمت میں بڑی کمی سے متعلق وزیر توانائی کا اہم بیان سامنے آگیا 

عوام کے ساتھ کیے وعدے پورے کر رہے ہیں، اُمید ہے اقدام سے معیشت میں بہتری آئےگی، وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری


ویب ڈیسک October 23, 2025

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے صنعتی شعبے کو 34 روپے اور ذراعت شعبے کو 38 روپے یونٹ ملنے والی بجلی کے اضافی یونٹس کی قیمت کم کرکے 22 روپے اور 98 پیسے کر دی گئی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ  سات ہزار میگا واٹ اضافی بجلی موجود تھی،  ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ بجلی صنعت اور ذراعت کو دی جائے گی، صنعت اور ذراعت معیشت میں  ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو 34 روپے اور ذراعت شعبے کو 38 روپے یونٹ ملنے والی بجلی کے اضافی یونٹس کی قیمت کم کی، زراعت کیلئے اضافی یونٹس کی قیمت 38 سے کم کر کے 22 روپے اور 98 پیسے کر دی گئی،  صنعتی شعبے کیلئے اضافی یونٹس کی قیمت 34 سے کم کر کے 22 روپے اور 98 پیسے کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے صارفین کی بجلی کی اوسط قیمت خرید میں کمی آئے گی، صنعت اور ذراعت کے شعبوں کو اضافی بجلی کے استعمال پر کم نرخوں پر بجلی مہیا کی جائے گی،  اگر آپ نے ذراعت میں پہلے 100 یونٹ استعمال کیے اور اب اضافی سو یونٹ کے استعمال پر اوسط بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی ہو گی۔

اویس لغاری نے کہا کہ  صنعت میں اگر آپ ہزار یونٹ استعمال کر رہے تھے تو اب اضافی ہزار یونٹ کے استعمال پر اوسط بجلی کی قیمت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی ہو گی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ صنعت کے شعبے میں پہلے ہی قیمت کر چکے ہیں، اب مزید کمی سے صنعت کو فروغ ملے گا، عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں، اُمید ہے اس اقدام سے معیشت میں بہتری آئے گی۔

مقبول خبریں