لاہور کے علاقے ایم اے او کالج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ شبانہ زوجہ شفیق، 67 سالہ شفیق ولد فردوس محمد، 35 سالہ ساجد ولد شفیق، اور 32 سالہ اقرہ زوجہ ساجد شامل ہیں۔
واقعہ کا مقدمہ جاں بحق ہونے والی خاتون اقرا کے والد عبدالحفیظ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں مدعی کا کہنا ہے کہ میری بیٹی اقرا اپنے شوہر ساجد، ساس شبانہ اور سسر شفیق کے ساتھ آٹو رکشہ پراپنے گھر سید پور سبزہ زار جا رہی تھی۔ جب وہ ایم اے او کالج اشارہ پر پہنچی تو ایک تیز رفتار لوڈر مزدا رکشہ پر الٹ گیا۔
عبدالحفیظ نے ایف آئی آر میں الزام درج کرایا کہ مزدا ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے میری بیٹی اور اس کے شوہر سمیت خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔