ممبئی: بالی وڈ کے سینئر اداکار جیتندر اس وقت معمولی حادثے کا شکار ہوگئے جب وہ اداکارہ زرین خان کی تعزیتی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیتندر جیسے ہی اپنی گاڑی سے اترے اور تقریب میں داخل ہونے لگے تو ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ سیڑھیوں پر پھسل کر گر گئے۔ وہاں موجود افراد نے فوری طور پر انہیں سہارا دیا اور اٹھنے میں مدد کی۔
عینی شاہدین کے مطابق اداکار جلد ہی سنبھل گئے اور انہیں کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔ تاہم واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد ان کے مداحوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ زرین خان، جو معروف اداکار و فلم ساز سنجے خان کی اہلیہ تھیں، 7 نومبر کو ممبئی میں طویل علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کے سوگواروں میں شوہر سنجے خان اور بچے سوزین خان، سیمون اروڑا، فرح علی خان اور زید خان شامل ہیں۔
تعزیتی تقریب میں رانی مکھرجی، ریتھک روشن، صبا آزاد، علی گوئی اور جیسمین بھاسن سمیت متعدد فلمی شخصیات نے شرکت کی۔