وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد پولیس کی سیکیورٹی ڈیوٹیوں کے دوران بڑے سیکورٹی لیپس کا انکشاف ہوا ہے جب کہ وفاقی پولیس کے آپریشن ڈویژن کے متعدد اہلکار غیر ملکی وی وی آئی پی وفود اور کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔
ڈیوٹی پوائنٹس سے اہلکاروں کی غیر موجودگی سیکیورٹی صورتحال میں سنگین خطرہ بن سکتی ہے، آپریشن ڈویژن کے مجموعی طور 76 اہلکار بغیر اطلاع واجازت ڈیوٹی پوائنٹس سے غیر حاضر رہے۔
ایس ایس پی سیکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کیپٹن (ر) زیشان حیدر نے آئی ایس سی (انٹرنشینل سپیکرز ) کانفرنس اور غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی ڈیوٹیاں چیک کی تو اہلکاروں کی غیر حاضری کا انکشاف ہوا۔
ایس ایس پی سیکورٹی ڈویژن اسلام آباد کیپٹن (ر) زیشان حیدر نے وی آئی آئی پی سیکورٹی ڈیوٹیوں سے بغیر اطلاع غیر حاضر اہلکاروں اور محرروں کے ناموں کے ساتھ کاروائی کے لیے ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت اعلی حکام کو مراسلے ارسال کردیے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ 10 نومبر کو ائی ایس سی کے وی وی آئی پی وفود کی سیکورٹی ڈیوٹی چیک کرنے پر آپریشن ونگ کے 67 اہلکار بغیر اطلاع غیر حاضر پائے گئے، 7 سے 9 نومبر کے دوران غیر ملکی کرکٹ ٹیم و وفود کی سیکورٹی ڈیوٹی چیک کی گی تو آپریشن ونگ کے اے ایس آئی سمیت 9 اہلکار ڈیوٹی پوائنٹس سے بغیر اطلاع و اجازت غیر پائے گے۔
اس میں کہا گیا کہ آئی ایس سی اور غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی موجودگی کے موقع پر اہلکاروں کی غفلت تشویشناک ہے، سیکورٹی ڈیوٹیوں پر متعین اہلکاروں کاغیر ذمہ دارانہ رویہ کسی ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتا تھا۔
مراسلے کے مطابق غیر حاضر پولیس اہلکاروں اور محرروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، غیر حاضری کے مرتکب اہلکاروں کو "سروس سے برطرفی" کی بڑی سزا دینے کی سفارش۔