ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میں ٹاپ کرلیا۔
دوحا میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو دوسری ہی گیند پر احمد طارق بغیر کوئی رن بنائے شاہد عزیز کا شکار بن گئے۔
دوسرے اوور میں عرفات منہاس نے علیشان شرفو کو 3 کے انفرادی اسکور پر چلتا کیا جبکہ پانچویں اوور میں صہیب خان 2 رنز بناکر احمد دانیال کا شکار بنے۔
یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور یو اے ای کی پوری ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سید حیدر (20) اور محمد فرازالدین (12) کے علاوہ کوئی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، احمد دانیال اور معاذ صداقت نے 2،2 جبکہ شاہد عزیز، عرفات منہاس اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان شاہینز نے 60 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 5.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
معاذ صداقت 15 گیندوں پر 37 اور غازی غوری 16 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ محمد نعیم 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان شاہینز کی ٹیم عمان اور بھارت اے کو شکست دے کر پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی تھی۔