اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 154.15 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئیں جبکہ اے این ایف پنجگور میں بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ تنظیم کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی۔
اے این ایف ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گیس کنٹینر کو ایم 8 گوادر سی پیک روڈ پر روک کر تلاشی لی۔ موقع پر تلاشی کے دوران 553.5 کلو گرام آئس اور 40 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی۔
قبضے میں لی گئی منشیات کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 154.15 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کے 2 کارندے بھی گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے
بدنام زمانہ اسمگلر علی جان کی سربراہی میں یہ گروہ افغانستان سے منشیات کو پنجگور سے تربت، گوادر اور پسنی کے راستے اسمگل کرتا تھا۔
اسی طرح اے این ایف کی دیگر 9 کاروائیوں کے دوران خاتون سمیت 7ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کاروائیوں میں6کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 655.80 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں۔
یارو ریلوے کراسنگ پشین کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 7کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس میں نیدرلینڈز سے آنیوالے پارسل سے 6گرام کوکین برآمد ہوئی جبکہ یارو ڑسٹرکٹ پشین میں ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 14 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اسی طرح ایسٹرن بائی پاس کوئٹہ کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 14کلوگرام، نیشنل ہائی وے حیدر آباد کے قریب گاڑی سے 12 کلوگرام، بیلا روڈ سیکٹر جی 10 اسلام آباد کے قریب گاڑی میں سوار مرد اور خاتون سے 1.8 کلوگرام آئس اور 800 گرام افیون، منڈی موڑ اسلام آباد کے قریب ملزم کے قبضے سے 7.2 کلوگرام چرس، سوئی کاریز ڑسٹرکٹ چمن سے 100 کلوگرام آئس اور خلیل آباد سیٹلائٹ ٹاؤن تربت ڈسٹرکٹ کیچ سے 499 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان کسٹمز گڈانی نے 188 کلو گرام چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی۔ چرس پرانے ٹائر لے جانے والی گاڑی میں موجود دو ٹائروں میں چھپائی گئی تھی۔ برآمد شدہ چرس اور گاڑی کی مالیت کا تخمینہ پچپن کروڑ چوبیس لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔