عمران خان جن سے بات کرنا چاہتے ہیں وہ ان سے بات نہیں کرنا چاہتے، رانا ثناء

‏حکومت نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کر دی


ویب ڈیسک December 05, 2025

اسلام آباد:

‏حکومت نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ مذاکرات کا آپشن اب بھی موجود ہے آئیں بیٹھ کر بات کریں، جن سے بانی پی ٹی آئی بات کرنا چاہتے ہیں وہ ان سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، میں کہتی ہوں رانا ثناء کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، ملکی و بین الاقوامی میڈیا کو ساتھ لے کر جائیں اور بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان کو دی گئی سہولیات سے متعلق ہمیں آگاہ کرے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈلاک سے نہیں، وزیراعظم نے دو بار فلور آف دی ہاؤس بات چیت کے لیے بیٹھنے کا کہا، یہاں تک کہا کہ اسپیکر کے چیمبر میں بیٹھ جائیں میں وہاں آجاتا ہوں۔

انہوں نے کہا آن ریکارڈ ہے کہ پی ٹی آئی ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں، جن سے بات کرنے کی خواہشمند ہے وہ راضی نہیں، قیدی سے ملاقات سے متعلق کچھ امور پہلے سے طے ہونے چاہئیں، بانی سے ملاقات کے بعد جو گفتگو کی گئی وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ کسی قیدی کو ریاست کے خلاف تحریک چلانے کے لیے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔

مقبول خبریں