نیشنل گیمز: میراتھن دوڑ پاکستان نیوی کے شہباز مسیح نے جیت لی

میراتھن مزار قائد سے شروع ہوئی جو 42.195 کلومیٹر کے مقررہ فاصلے کے بعد پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر مکمل ہوئی


زبیر نذیر خان December 10, 2025

کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز 2025 کی میراتھن دوڑ پاکستان نیوی کے شہباز مسیح نے جیت لی۔

تفصیلات کے مطابق شہباز مسیح نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 25 منٹ 23 سیکنڈز میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

واپڈا کے شیر خان نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل جیت لیا۔ شیر خان نے 2 گھنٹے 29 منٹ 6 سکینڈز میں ریس مکمل کی۔

پاکستان نیوی کے شعب اختر نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے برانز میڈل جیتا۔ شعب اختر کا وقت 2 گھنٹے 35 منٹ 17 سکینڈز رہا۔

نیشنل گیمز میں میراتھن مزار قائد سے شروع ہوئی جو بین الاقوامی معیار کے مطابق 42.195 کلومیٹر کے مقررہ فاصلے کے بعد پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر مکمل ہوئی۔

میراتھن اپنے مقررہ راستوں ایم اے جناح روڈ، میری ویدر ٹاور، ایم ٹی خان روڈ برج، مائی کلاچی، بوٹ بیسن چورنگی، ڈولمن مال، کلاک ٹاور، معین خان اکیڈمی، کریک کلب، قیوم آباد چورنگی، طارق روڈ، بلوچ کالونی انڈر پاس، شارع فیصل اور کارساز کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کے سامنے سے گزر کر پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی سطح پر 26.2 میل کی میراتھن عام طور پر 2 گھنٹے 10 منٹ میں مکمل ہوتی ہے، جبکہ شرکا 4 سے 6 گھنٹے میں بھی مقررہ فاصلہ طے کرتے ہیں۔

مقبول خبریں